ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار نیشنل ہائی وے پر سرنگ کا راستہ کھل گیا - ڈپٹی کمشنر نے  کہا : 8 اکتوبر تک سیکیوریٹی سرٹفکیٹ  پیش نہ کرنے پر دوبارہ بند ہوگی سرنگ

کاروار نیشنل ہائی وے پر سرنگ کا راستہ کھل گیا - ڈپٹی کمشنر نے  کہا : 8 اکتوبر تک سیکیوریٹی سرٹفکیٹ  پیش نہ کرنے پر دوبارہ بند ہوگی سرنگ

Tue, 03 Oct 2023 13:20:34    S.O. News Service

کاروار، 3 / اکتوبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر کاروار شہر اور بینگا کو جوڑنے والی جن چار سرنگوں کو  پچھلے تین مہینوں سے آمد و رفت کے لئے بند رکھا گیا تھا انہیں عبوری طور پر کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر نے کہا ہے کہ اگر نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے 8 اکتوبر تک ضلع انتظامیہ افسران کی موجودگی میں تھرڈ پارٹی سے سرنگوں معائنہ نہیں کروایا اور موٹر گاڑیوں اور عوام کی آمد و رفت کے لئے سرنگیں محفوظ ہونے کا سرٹفکیٹ پیش نہیں کیا تو ان سرنگوں کا راستہ دوبارہ بند کردیا جائے گا ۔ 
    
خیال رہے کہ سرنگوں کی دیواروں سے برسات کا پانی رسنے کی وجہ سے ضلع انچارج وزیر اور رکن اسمبلی نے ان سرنگوں کے محفوظ ہونے پر سوال اٹھائے تھے جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کو ہدایت دی تھی کہ سرنگیں عام استعمال کے لئے محفوظ کا ہونے سرٹفکیٹ پیش کیا جائے ۔ جس کے ٹھیکیدار کمپنی نے پونے کی ایک فرم سے حاصل کردہ سرٹفکیٹ این ایچ اے آئی کے توسط سے ضلع انتظامیہ کو پیش کیا ، جس پر ضلع انتظامیہ نے سوال اٹھائے مطمئن نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے سرنگوں کا راستہ کھولنے سے انکار کیا ۔
    
اسی دوران بی جے پی کے ایم ایل سی گنپتی الویکر نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سرنگوں کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا اور اس مسئلے کو سیاسی جنگ میں بدل کر احتجاجی مظاہرے کے ذریعے سرنگوں کا زبردستی راستہ کھلوانے کی کوشش کی ۔ اس طرح ضلع انتظامیہ کی حالت حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رسہ کشی کے کھیل میں پھنسنے جیسی ہوگئی تھی ۔ 
    
ضلع انتظامیہ نے پچھلے دنوں این ایچ اے آئی کو تحریری ہدایت دی تھی کہ سیکیوریٹی سرٹفکیٹ کے لئے سرنگوں کا معائنہ 2 اکتوبر تک کروایا جائے ۔ معلوم ہوا ہے کہ این ایچ اے آئی نے دوسری مصروفیت کا سبب بتاتے ہوئے سرنگوں کا معائنہ کرنے کے لئے 8 اکتوبر تک کی مہلت طلب کی ہے ، جس پر ڈپٹی کمشنر نے عبوری نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے سرنگیں بند کرنے کا پچھلا نوٹی فکیشن واپس لیا ہے اور 8 اکتوبر تک معائنہ اور سیکیوریٹی سرٹفکیٹ پیش کرنے کی شرط کے ساتھ آمد و رفت کے لئے راستہ کھول دیا گیا ہے ۔ 


Share: